329

بھارت میں مذہب کے نام پر استحصال میں اضافہ، امریکی کمیشن نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

واشنگٹن: امریکا کے کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر خطرے کی گھنٹی بجادی۔

یو ایس سی آئی آر ایف کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال پریشان کن ہے، بھارت میں مذہب کے نام پر استحصال میں اضافہ ہو رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں شہریت کے جس متنازعہ قانون کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے وہ قانون مسلمانوں کے ساتھ تفریق کے لیے بنایا گیا ہے۔ نئے قانون سے 19 لاکھ لوگوں کی شہریت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ نئے قانون سے مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بھارتی حکومت نے متنازعہ قانون کے خلاف مظاہرے کرنے والوں پر تشدد بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایک ہفتے بعد ڈیپارٹمنٹل اسٹورز پر پلاسٹک بیگز نظر نہیں آنے چاہئیں، عدالت کا حکم

امریکی کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے تحت مذہب کی بنیاد پر شہریوں کا رجسٹر تیار ہوگا۔ بھارت میں مذکورہ قانون کے نفاذ کے بعد اظہار مذہب کی آزادی متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ کمیشن کے ارکان کو بھارت کا دورہ کروانے اور عوام سے ملنے کے لیے امریکی حکومت، بھارت پر دباؤ ڈالے۔

خیال رہے کہ یہ رپورٹ ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب جلد ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں۔

صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ 24 اور 25 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے، 2 روزہ دورے کے دوران وہ دہلی اور گجرات جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں