393

بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایات

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کرنے اور بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی عمر ایوب، چیئرمین نیپرا، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، ندیم بابر، وفاقی سیکریٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں ہر سطح پر اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توانائی شعبے میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی کی حکومتوں کے معاہدوں کے باعث چیلنجز کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ: گیس ٹینکر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بر وقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالا گیا، ترسیل و تقسیم میں نقصانات کو بھی نظر انداز کیا گیا۔ حکومت کو توانائی کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، سابقہ دور کی بدانتظامیوں کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 300 یونٹس تک استعمال پر صارفین کو ہر ممکن ریلیف دے رہے ہیں، عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔ کوشش ہے بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جس حد تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں