512

بھارتی نیوی کا مگ 29 جنگی طیارہ گر کر تباہ

نئی دہلی: بھارتی نیوی کا مگ 29 جنگی طیارہ گوا میں گر کر تباہ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ بھارتی نیوی کا مگ 29 جنگی طیارہ گوا میں گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ تربیتی پرواز پر تھا۔

بھارتی نیوی کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے، طیارہ گوا کے ساحل پر روٹین کی تربیتی پرواز پر تھا کہ گر کر تباہ ہو گیا، پائلٹ نے بروقت طیارے سے چھلانگ لگا کر خود کو بچا لیا۔

حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق دہرے انجن والے سنگل سیٹر طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ کریش کر گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کرونا وائرس سے اٹلی میں بھی خوف و ہراس، اسکول اور عبادت گاہیں بند

یاد رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ واقعے سے محض 3 ماہ بعد پیش آیا ہے، جب نومبر 2019 میں گوا کے ایک گاؤں کے باہر نیوی کا جنگی طیارہ مگ 29k گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں بھی پائلٹس بہ حفاظت طیارے سے نکل گئے تھے، اور وہ آبادی کو بچاتے ہوئے طیارے کو پہاڑی علاقے کی طرف لے گئے تھے۔

اس سے قبل جنوری 2018 میں بھی گوا میں ایک مگ 29 کے طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، طیارے نے جیسے ہی رن وے سے اڑان بھری، فوراً بعد بیس ہی میں گر کر تباہ ہو گیا، ٹرینی پائلٹ نے اس بار بھی خود کو بچا لیا تھا۔

گوا میں بار بار نیوی کے جنگی طیاروں کی تباہی نے بھارتی عوام کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھارتی نیوی کو طنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، متعدد صارفین نے مگ 29 کے کی تباہی پر لکھا کہ ایک اور پائلٹ نے کامیابی کے ساتھ جنگی طیارہ گرا کر تباہ کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں