460

موسم کی خرابی کے باعث وزیر اعظم کا دورہ کراچی منسوخ

اسلام آباد: خراب موسم کے باعث وزیر اعظم عمران خان کا دورہ کراچی منسوخ ہوگیا، شہر میں آج 5 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح شیڈول کے مطابق ہی ہوگا جن کا افتتاح وزیر اعظم نے کرنا تھا۔

تفصیلات کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث وزیر اعظم عمران خان کا دورہ کراچی منسوخ ہوگیا تاہم کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت مکمل منصوبوں کا افتتاح طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ گورنر ہاؤس میں افتتاحی تقریب بھی اپنے پروگرام کے مطابق ہوگی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

کراچی پیکج کے تحت آج افتتاح کیے جانے والے 5 میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح گورنر سندھ عمران اسماعیل اور مئیر کراچی وسیم اختر کریں گے۔ کراچی پیکج میں کے ڈی اے، فائیو اسٹار اور سخی حسن چورنگی پر فلائی اوورز کی منظوری دی گئی تھی۔

تینوں چورنگیوں پر منصوبوں کا سنگ بنیاد گورنر سندھ اور میئرکراچی نے رکھا تھا، تاہم اس کا افتتاح وزیر اعظم نے کرنا تھا۔ وفاقی حکومت نے منصوبوں کی تعمیر کی ذمے داری سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی (ایس آئی ڈی سی ایل) کو دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحت یاب

ایس آئی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ تینوں فلائی اوورز پر لاگت 2 ارب 40 کروڑ روپے آئی ہے، تینوں فلائی اوورز 3، 3 ٹریکس پر مشتمل ہیں۔ سرجانی سے لسبیلہ سگنل فری کوریڈور 17 کلو میٹر پر مشتمل ہے، سخی حسن فلائی اوور 700 میٹر اور فائیو اسٹار فلائی اوور 675 میٹر طویل ہے۔

اسی طرح کے ڈی اے فلائی اوور 700 میٹر طویل ہے، فلائی اوورز کی تعمیر سے پہلے تمام یوٹیلیٹی لائنوں کی تبدیلی کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے نشتر روڈ اور منگھو پیر روڈ فیز ون کی تعمیر بھی مکمل کی گئی ہے۔

ایس آئی ڈی سی ایل کے مطابق منگھو پیر روڈ فیز ون 4 کلو میٹر کی سڑک پر 95 کروڑ لاگت آئی اور 7 کلو میٹر طویل نشتر روڈ پر 65 کروڑ لاگت آئی ہے۔ منصوبوں کے ارد گرد اضافی کام 6 سے 8 ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

منصوبوں کا اعلان ستمبر 2018 میں گورنر سندھ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں