438

گلگت: وین دریا میں گر گئی، 21 افراد جاں بحق

اسکردو: راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافر وین دریا میں بہہ گئی، حادثے میں 21 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 4 افراد شدید زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافر وین روندو کے قریب دریا میں گر گئی، جس سے اکیس افراد جاں بحق ہو گئے، ترجمان جی بی حکومت کا کہنا ہے کہ حادثے میں 4 افراد شدید زخمی ہیں، جنھیں پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے کا شکار ہونے والی وین میں 25 افراد سوار تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں گری وین کا کچھ حصہ نظر آ رہا ہے، ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، روندو سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تک 9 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ریسکیو عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی راولپنڈی سے آزاد کشمیر جاتے ہوئے ارجا کے مقام پر ایک مسافر بس نالے میں گر گئی تھی جس میں 10 افراد جاں بحق ہوئے اور 11 افراد زخمی ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں