458

کرونا وائرس: تفتان سرحد سے مزید زائرین سکھر پہنچ گئے

سکھر: تفتان سرحد سے مزید زائرین سندھ کے شہر سکھر پہنچ گئے، زائرین کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین کو  بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان بارڈر سے لے کر مزید 4 بسیں سکھر کی لیبر کالونی پہنچ گئیں جن میں درجنوں مسافر سوار تھے، زائرین میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کو لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ میں 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اسکریننگ بھی کی جائے گی اس دوران انہیں کسی سے ملنے پر پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:کروناوائرس: بخار، کھانسی اور زکام میں سرکاری ملازمین کو دفتر نہ آنے کی ہدایت

خیال رہے کہ تفتان بارڈر سے زائرین کو لے کر 10 بسوں پر مشتمل پہلا قافلہ ڈیرہ غازی خان میں قائم آئیسولیشن کیمپ پہنچا تھا۔ زائرین کو غازی یونیورسٹی کے زرعی کالج میں قائم آئیسولیشن سنٹر میں رکھا گیا ہے۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے میں 289 زائرین پہنچ چکے ہیں جبکہ مزید 853 آرہے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ احتیاط کے طور پر غذائی اشیا سے متعلق انتظامات کیے جا رہے ہیں، صورتحال خراب ہوئی تو غذائی اشیا گھروں پر پہنچائی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں