319

شعیب اختر نے نوجوان فاسٹ بولرز کو بیٹسمینوں پردھاک بٹھانے کے گربتادیے

راولپنڈی: پی سی بی کے آن لائن سیشن میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے فاسٹ باؤلرز کو بیٹسمنیوں پر دھاک بٹھانے کے گر بتاتے ہوئے کہا کہ بیٹسمین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسے خوف کا شکار کرو۔

دنیا کے تیز ترین فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے آن لائن سیشن میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کو بلے بازوں پر دھاک بٹھانے کے گر بتائے، راولپنڈی ایکسپریس نے اپنے مخصوص انداز میں نوجوان فاسٹ باؤلرز کو میچ کے دوران بہادری اختیار کرتے ہوئے بلے بازوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں خوف کا شکار کرنے کی حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ فاسٹ باؤلر کو دنیا اس کے اسپیل سے یاد رکھتی ہے، نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، وقار یونس، شاہین آفریدی، وسیم اکرم اور محمد عباس، محمد آصف بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر ان کھلاڑیوں کو حریف بلے بازوں پر اپنا خوف طاری کرنے کے لیے میدان میں دلیری سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

شعیب اختر نے کہا کہ پیس کا کوئی نعم البدل نہیں، فاسٹ باؤلر کو خود پر یقین رکھنا چاہیے، پاکستان ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی باصلاحیت ہے مگر اسپڈ اسٹار بننے کے لیے آپ کو اپنی انفرادی کارکردگی سے پاکستان کو فتوحات دلانی ہوں گی۔

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ مشکل وقت ہر کرکٹر کے کیرئیر میں آتا ہے مگر صرف دلیر کھلاڑی ہی اس سے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بڑا کرکٹر بننے کے لیے خود سے بہتر کھلاڑیوں سے دوستی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کو دیکھ کر کرکٹ میں آئے اور پھر وقار یونس کے باؤلنگ ایکشن کی نقل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

وقار یونس نے تمام کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 میں اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب بھی میدانوں میں واپسی ہو تو وہ پہلے سے بہتر جسم اور کرکٹر بن کر لوٹیں۔

1997 میں اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کرنے والے شعیب اختر نے 47 ٹیسٹ اور 163 ایک روزہ میچوں میں بالترتیب 178 اور 247 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے مختصر ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 19 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں