380

قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران بھی قابض بھارتی فوج کی جنونیت میں کمی واقع نہیں ہوئی، بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی جاری ہے اور مذہبی آزادی پر قدغن لگائی گئی ہے۔

قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ سرچ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے اور پو لیس کو مطلوب تھے جو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

یہ خبر پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملے میں کرنل اور میجر سمیت 5 بھارتی فوجی ہلاک

علاقہ مکینوں اور اہل خانہ نے کٹھ پتلی انتطامیہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد ماورائے عدالت قتل کیا گیا اور لاشیں بھی حوالے نہیں کی گئیں۔ علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے 6 دنوں میں قابض بھارتی فوج نے عسکریت پسند قرار دیکر 6 نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں