490

کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

کراچی: شہر قائد میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس نے دستگیر میں مکان پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی ناکام بنادی گئی، پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دستگیر کے مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، مکان پر چھاپہ چند روز پہلے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مارا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد عرف کے ڈی اے واٹر بورڈ کا ملازم ہے، جس مکان سے اسلحہ ملا وہ ملزم شاہد کی ملکیت ہے، گرفتاری کے بعد سے ملزم کے اہلخانہ گھر سے غائب ہیں۔

پولیس کے مطابق مکان سے برآمد اسلحہ میں 38 ایس ایم جی، 9 آر پی جی راکٹ، 60 دستی بم شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد اسلحے میں10 ڈیٹونیٹر، مارٹر گولے، اسلحے سے بھرے 53 باکس، سیٹلائٹ فون اور 2 پاسپورٹس بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلحے کی کھیپ جوہر آباد تھانے کی حدود بلاک 15 کے مکان سے برآمد ہوئی ہے، ملزم کو چند روز پہلے قانون نافذ کرنے والے ادارے نے حراست میں لیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد علاقوں سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی سے اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں