نیویارک(ڈیلی میڈیا) امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی(APPAC) وومین ونگ کی صدر مس ناہید بھٹی کی خصوصی دعوت پر اپنے دور کے نامور سٹائلش بیٹسمین پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس نے عید الاضحی کے سلسلے میں ایک پرتکلف عشائیہ میں شرکت کی۔ ڈاکٹر احمد فراز اور اہلیہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیہ میں کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی اور ایشین بریڈ مین کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔اپنے دور میں “زیڈ “کے نام سے مشہور ظہیر عباس نے شرکاءسے گفتگو کے ساتھ وہاں موجود صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دئے۔APPACکے سربراہ ڈاکٹر اعجاز احمد کی قیادت میں ان کی ٹیم نے بھرپور شرکت کی۔ ناہید بھٹی نے شرکاءسے ظہیر عباس کا تعارف کرایا اور انہیں بھرپور انداز میں خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ ظہیر عباس ہمارے قومی ہیرو ہیں، جنہوں نے پاکستانی کرکٹ کے لئے بےشمار کارنامے انجام دئیے ہیں۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وہ ہمارے درمیان موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ظہیر عباس کو ملک و قوم کے اعلی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
طارق خان نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔اے پی پیک کے بانی ڈاکٹر اعجاز اور ڈاکٹر پرویز اقبال نے بھی اظہار خیال کیا اور عظیم بیٹسمین کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ظہیر عباس کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔ ممتاز فنانشل ایڈوائزر جمال محسن ظہیر عباس کے لئے خصوصی کیک لیکر آئے تھے۔
مہمان خصوصی ظہیر عباس نے مس ناہید بھٹی کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا جن کی دعوت پر وہ اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ میں شریک ہوئے۔ظہیر عباس نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر بات چیت اور صورتحال پر مایوسی کا بھی اظہار کیا تاہم وہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے مایوس نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم جلد بہتری کی طرف جائے گی جو خامیاں ہیں وہ دور ہوجائیں گی اور آپ پھر میری یہ بات یاد کریں گے اس وقت میں پاکستان میں بیٹھا ہونگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے یہ ٹیم مسلسل شکست کھارہی ہے لیکن اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ موجودہ سیٹ اپ اور ٹیم کو سپورٹ کی ضرورت ہے۔ تقریب میں شرکت کرنے والوں میں دیگر کے علاوہ پرویز محمود،اسلم مرزا،آصف جمال،ممتاز نعت خواں امجد حسین بھی شامل تھے۔
133