380

انڈر 19 ورلڈ کپ، بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

جوہانسبرگ: انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 212 رنز کا ہدف 44.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فائنل میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

بنگلہ دیش کے محمود الحسن نے 127 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، توحید ہریدوئے 40 اور شہادت حسین 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، پرویز حسین 14 رنز بناسکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ادیتیا اشوک سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 44 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، کرسچن کلارک، ڈیوڈ ہین کوک اور جیسی تاشکوف نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بیکھم وہیلر گرین آل کی 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی نیوزی لینڈ کو شکست سے نہ بچاسکی، نکلوس لڈسٹون 44، فرگس لیلمین 24، اولی وائٹ 18، اور جوئے فیلڈ 12 رنز بناسکے۔

بنگلہ دیش کے شریف الاسلام نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شمیم حسین اور حسن مراد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ راکیب الحسن ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں