379

حارث رؤف کی تباہ کن بولنگ، میلبرن اسٹارز کو فائنل میں پہنچا دیا

میلبرن: بگ بیش لیگ کے دوسرے کوالیفائر میچ میں حارث رؤف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم میلبرن اسٹارز کو فائنل میں پہنچادیا۔

تفصیلات کے مطابق میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں میلبرن اسٹارز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں سڈنی ٹھنڈرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی اور میلبرن اسٹارز نے 28 رنز سے میچ جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

میلبرن اسٹارز کی جانب سے ایک مرتبہ پھرحارث رؤف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، حارث رؤف نے 4 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نیتھن کولٹرنیل اور ایڈم زمپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

https://twitter.com/BBL/status/1225377579802091521?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1225377579802091521&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.arynews.tv%2Fharis-raufs-death-overs-bowling-leads-melbourne-stars-to-bbl-final%2F

Embedded video

میلبرن اسٹارز کے مارکوس اسٹونس نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نک لارکن نے 49 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 83 رنز بنائے۔

سڈنی ٹھنڈرز کے ایلکس روز نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 23، کرس مورس 21، ارجن نائر 30 اور جے لینٹن 10 رنز بناسکے۔

سڈنی ٹھنڈرز کی جانب سے ڈینئل سیمز سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے، کرس مورس نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میلبرن اسٹارز اور سڈنی سکسرز کے درمیان فائنل میچ 8 فروری بروز ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں