394

کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

ٹوکیو: جاپانی ٹی وی نے سرکاری ذرایع سے خبر دی ہے کہ مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر دم توڑ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے شکار بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز، جسے وبا کی وجہ سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے، کے دو مسافر ہلاک ہو گئے ہیں، گزشتہ روز اس جہاز کو جاپان کے شہر یوکوہاما میں ڈیکوکو پیئر پر لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نئے وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے مسافروں میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں جن کی عمریں 80 کے قریب تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:خطرناک کرونا وائرس بے قابو ، ہلاکتوں کی تعداد 2100 سے تجاوز کرگئی

خیال رہے کہ ڈائمنڈ پرنسز 3 فروری سے ٹوکیو کے قریب یوکوہاما میں لنگر انداز ہے۔ ابتدائی طور پر قرنطینے (الگ تھلگ) میں رکھے گئے اس جہاز پر 3700 مسافر سوار تھے، تب سے 600 سے زائد مریضوں میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے، اس شپ سے مسافر رواں ہفتے ہی اترنا شروع ہوئے ہیں۔

ڈائمنڈ پرنسز پر انڈونیشیا کے 74 شہری بھی سوار ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ اپنے شہریوں کو جہاز سے نکالے، تاہم یہ فیصلہ ہونا ہے کہ ان شہریوں کو طیارے کے ذریعے یا بحری جہاز کے ذریعے واپس لایا جائے، جہاز کے عملے میں شامل انڈونیشیوں میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2118 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 74576 ہو چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مہلک وائرس سے مزید 114 اموات ہوئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں