423

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر کرونا وائرس سے انتقال کر گئے

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی کرونا وائرس سے تہران میں انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق نئے اور مہلک وائرس COVID 19 کے آگے ایرانی سپریم لیڈر کے 71 سالہ مشیر بھی زندگی ہار گئے، وہ تہران کے اسپتال میں زیر علاج تھے، آج ان کا انتقال ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی جاری ہے، مزید 12 افراد شکار ہونے کے بعد ایران میں وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 66 ہو گئی ہیں، جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1,501 ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی افسر کی بھیانک موت

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 89,779 ہو گئی ہے، جب کہ اموات 3,069 تک پہنچ گئیں، تاہم صحت یابی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور اب تک 45,512 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، دوسری طرف 7,375 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

اب تک 70 ممالک اور علاقوں تک یہ وائرس پھیل چکا ہے، جب کہ ایک بین الاقوامی سواری، بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز متاثر ہوا، چین میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 42 نئی اموات کے ساتھ مجموعی اموات 2,912 ہو گئی ہیں۔

یاد رہے کہ دو دن قبل کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایران کی پارلیمنٹ کے رکن محمد علی رمضانی دستک بھی انتقال کر گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں