492

لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ کی عبوری ضمانت منظور کر لی

لاہور: ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ کی عبوری ضمانت منظور کر لی، انھوں نے نیب کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے 25 مارچ تک رانا ثنا اللہ کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما نے نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر عبوری ضمانت کی درخواست دی تھی۔

رانا ثنا کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ نیب نے جب بھی بلایا میرے مؤکل پیش ہوئے، صرف ایک بار قومی اسمبلی کے سیشن کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے۔ عدالت نے نیب سے اس سلسلے میں تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کو 5،5 لاکھ کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور ضمانت منظور کر لی۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور میں ڈاکو جج سے نقدی اور موبائل چھین کر فرار

درخواست کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔ درخواست میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نیب آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام کے تحت انکوائری کر رہا ہے، چیئرمین نیب نے اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے انکوائری کی منظوری دی، نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹسز بھی بھجوائے گئے ہیں، اس سلسلے میں عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

بعد ازاں، رانا ثنا اللہ نے لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب بلاتا کسی اور کیس میں اور گرفتار کسی اور کیس میں کرتا ہے، شہباز شریف کے ساتھ یہی رویہ اپنایا گیا تھا، نیب کے اسی رویے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں