ممبئی:  بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے انتھک محنت کا سہرا کوریو گرافر سروج خان کے سر باندھ دیا اور کہا کہ سروج خان کی رہنمائی کے باعث میں آج بھی محنت سے نہیں گھبراتا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان نے ایک چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ماضی کے ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بھی اپنے کیریئر کے ابتدائی دن یاد ہیں کہ میں کوریو گرافر سروج خان کے ساتھ کام کررہا تھا جب کہ اُن دنوں میں مسلسل تین شفٹوں میں کام کرتا تھا۔

کنگ خان نے کہا کہ ایک دن شوٹنگ کے دوران تھکاوٹ محسوس ہونے کی وجہ سے میں نے ہمدردی میں سروج خان سے صرف اتنا کہا تھا کہ سروج جی آج اتنا کام ہے کہ میں تھک سا گیا ہوں۔

میرا یہ کہنا تھا کہ انہوں نے میرے گال پر پیار سے تھپڑ مارتے ہوئے کہا کہ آج تو کہہ دیا ہے لیکن آج کے بعد کبھی یہ مت کہنا تھا کہ کام زیادہ ہے کیوں کہ فلم کی اس نگری میں کوئی کام زیادہ نہیں ہوتا۔