1,092

سٹیزن پورٹل پر بھائی کی شکایت پر 29 سال بعد بہن کی پاکستان واپسی

اسلام آباد: سٹیزن پورٹل پر وزیر اعظم آفس کے بر وقت ایکشن کی وجہ سے 29 سال بعد خاتون کی پاکستان واپسی ممکن ہو سکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شہری کی شکایت پر وزیراعظم آفس نے بر وقت ایکشن لے لیا، جس کی وجہ سے جرمنی میں رہنے والی پاکستان کی بیٹی کی 29 سال بعد وطن واپسی ممکن ہو سکی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہد نامی شہری اپنی بہن کے لیے 29 سال تک ویزے کے حصول کی کوشش کرتا رہا، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکا، شاہد کو ویزے کے حصول میں مشکلات آڑے آتی رہیں اور کسی بھی حکومت میں ان کی داد رسی نہیں ہوئی۔

شہری شاہد حسین کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل میں درخواست دی تو سالوں کا کام دنوں میں ہو گیا، رشوت دینا پڑی نہ دفتروں کے چکر کاٹنا پڑے، ایک درخواست ہی پر کام ہو گیا، پورٹل انتظامیہ خود رابطہ کر کے دستاویزات مانگتی رہی، ویزا بھی دلوایا۔

یہ بھی پڑھیں:

ڈالر مصنوعی سستا رکھ کر عوام کو ٹوتھ پیسٹ تک امپورٹڈ استعمال کروایا گیا: حفیظ شیخ

شاہد حسین نے کہا کہ ان کی بہن نے 29 سال بعد ارض پاک پر قدم رکھا، ہم بہت خوش ہیں، اور وزیر اعظم عمران خان اور سٹیزن پورٹل ٹیم کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ان کی بہن جرمنی سے ہر ملک کا سفر کر سکتی تھیں لیکن پاکستان نہیں آ سکتی تھیں، کسی تکنیکی وجہ سے ان کا ویزا روکا گیا تھا۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد 5 ماہ سے اغوا کی گئی لڑکی بھی بازیاب کرائی گئی تھی، پورٹل پر لڑکی کی والدہ نے شکایت درج کرائی تھی، شکایت کے بعد لڑکی بازیاب کرائی گئی اور دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان بھی گرفتار کر لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں