309

سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف مہم معمول کی کارروائی ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مہم پاکستان کے خلاف نہیں ہے، سعودی عرب میں ہر سال رمضان سے قبل ایسی مہم چلائی جاتی ہے، اس مہم میں تمام قوموں کے تارکین وطن کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ووہان میں خصوصی ٹاسک فورس کے دو افسران کو بھیجا گیا ہے، یہ افسران صورت حال میں بہتری تک ووہان میں ہی رہیں گے، افسران چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ سےمسلسل رابطے میں ہیں، ٹاسک فورس افسران نے ووہان میں7یونیورسٹیز کا دورہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کے 200 روز مکمل ہوچکے ہیں، کشمیری آج بھی انسانی حقوق سے محروم ہیں، امید ہے ٹرمپ کے دورے پر مقبوضہ کشمیر کو درپیش مشکلات پر بات ہوگی، ہم پر امید ہیں کہ امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ رواں ہفتہ ہمیں سمجھوتہ ایکسپریس کی سانحے کی یاد دلاتا ہے، سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین آج بھی انصاف کے متلاشی ہیں، اعتراف کے باوجود سانحہ کے ماسٹر مائنڈ سوامی آسیم آنند کو بری کیا گیا، پاکستان بھارت کو اس حوالے سے اس کی ذمہ داری یاد دلاتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ برطانوی پارلیمانی کشمیر گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہمز پاکستان آئی ہیں، وہ انسانی حقوق کی حامی ہیں اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔

مسئلہ کشمیر پر انتونیو گوتریس نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پر عملدرآمد کیا جانا چاہئے۔

سیکریٹری جنرل نے افغان مہاجرین کی جانب سے سخاوت کے مظاہرے کو تسلیم کیا، ترک صدر کے دورے میں پاکستان کی عالمی سطح پر قیام امن کی کوششوں کو تسلیم کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں