511

اسلام آباد میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلی مریضہ کا انکشاف، حالت تشویشناک

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں کورونا کا پہلا کیس منظرعام پر آ گیا، خاتون مریضہ دو روز قبل ہی برطانیہ سے اسلام آباد پہنچی تھی، پمز اسپتال میں مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کا پہلا کیس ظاہر ہوگیا ہے، ایک خاتون کے ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

متاثرہ خاتون دو روز قبل برطانیہ سے آئی تھیں، کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پرخاتون کو پہلے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں انہیں پمز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کرونا وائرس: تفتان سرحد سے مزید زائرین سکھر پہنچ گئے

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔ مریضہ کو کورونا آئیسولیشن وارڈ میں وینٹی لیٹر پررکھا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مریضہ کے اہلخانہ اور نجی اسپتال کے عملے نے ان کو قرنطینہ منتقلی کا فیصلہ کیا، مریضہ کے اہلخانہ اور نجی اسپتال کے 13افراد کے سیمپلز بھی این آئی ایچ کو موصول ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت ملک میں اس خطرناک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 28 تک جا پہنچی ہے، کورونا وائرس کے باعث ملک میں بہت سی عوامی و معاشی سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔

اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور سینما گھروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ عوامی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے، لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے سوا تمام ایئرپورٹس پر فلائٹس آپریشن معطل کردیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں