256

ہیٹ ویو کی شدت میں کمی آج پارہ 38 ڈگری تک رہے گا

کراچی: سمندری ہوائیں جزوی منقطع ہونے کے سبب ہیٹ ویو کی شدت میں کمی آنا شروع ہوگئی اور آج معتدل ہیٹ ویو کے سبب گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

شہر میں جاری گرمی کی شدید لہر(ہیٹ ویو) کے ابتدائی دوروز منگل اور بدھ کو شدید گرمی کے بعد تیسرے روز جمعرات کو پارہ قدرے کم ریکارڈ ہوا جس کی بنیادی وجہ سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہواؤں کے جذوی طور پر بندش جبکہ متوقع اندازوں سے قبل بحالی تھا، جمعرات کو ہوا میں نمی کا تناسب بھی کم رہا،ان عوامل کی بنا پرہیٹ ویو کی شدت میں کمی آنا شروع ہوگئی اور شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ گذشتہ کے مقابلے میں 2 ڈگری کمی سے 38.1 ایک ڈگری ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے چندروز قبل ایک الرٹ جاری کیا گیا تھا جس کے تحت 5 سے 8 مئی کے دوران شہر میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی گئی، گرمی کی اس شدید لہر کے ابتدائی اندازوں کے دوران پارہ 43 ڈگری تک بڑھنے کا عندیہ دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز سے بات چیت کے دوران چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ سمندری ہوائیں مکمل طور پر معطل ہونے کے بجائے جذوی طور پر متاثرہورہی ہیں، ابتدائی اندازوں کے برعکس جلد فعال ہورہی ہے جس کی وجہ سے گرمی کا پارہ غیر معمولی طور پر نہیں بڑھ رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ آج سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے اور پارہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق مئی اور جون گرم مہینے ریکارڈ ہوتے ہیں، جن میں ہیٹ ویو کے امکانات موجود رہتے ہیں، آنے والے دنوں میں ہیٹ ویو کے امکانات موجود ہیں ایسے غیرمعمولی گرم موسم میں شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا کم سے کم پارہ 27 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 جبکہ شام کو 50 فیصدرہا،سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کی رفتار28 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی،آج مطلع گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں