394

بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کو کونسا فارم فل کرنا لازمی ہے؟

اسلام آباد : ملک بھر کے ایئرپورٹس پر کروناوائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات مزیدسخت کردئیےگئے اور بیرون ملک سے آ ْنے والے تمام مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم بھروانا لازمی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے ائیرپورٹس پر کرونا سے بچاؤاور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سےآ ْنے والے تمام مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم بھروانے کا عمل لازمی قرار دے دیا ہے۔

اس سلسلے میں وزارت صحت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہونے کیلئے ہیلتھ ڈکلیریشن کا اردو میں فارم تیار کرلیا جبکہ ایئرٹریفک کنٹرولر کو بیرون ملک سے آنے والوں کی آگہی کے لیے الگ ہدایات نامہ جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا بھارت میں بیان ، عمران خان کی خارجہ پالیسی کے نتائج آنا شروع

ہدایت نامے میں کہا گیا پائلٹ ،فضائی میزبان مسافروں کوفارم بھرنے سے متعلق بار بار آگاہ کریں، فارم میں 14دن میں چین اور6دن میں افریقہ یاجنوبی امریکاکےسفر کابتانا ہوگا جبکہ مسافرکوبخار، کھانسی اور سانس میں تنگی کے بارے بھی فارم میں بتانا ہوگا۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ ہیلتھ ڈکلیریشن فارم جمع نہ کروانے والی ائیر لائنوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔

سیکریٹری ایوی ایشن نےتمام ائیرپورٹس مینجرز کواحکامات جاری کردیئے ہیں کہ ہیلتھ ڈکلیریشن فارم نہ دینےوالی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہ دی جائے اورتمام ائیرلائن جہازوں کے اندر ہیلتھ کارڈ سے متعلق مسافروں کی رہنمائی کریں اور اناوئنسمنٹ بھی کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ائیرپورٹ پر ہیلتھ کارڈ جمع نہ کروانے پر غیرملکی ائیرلائن کو سعودی عرب کیلئے طیارے کو اڑان بھرنے سے روک دیا تھا ، ریاض سے پشاور آنے والی غیر ملکی ائیرلائن نے مسافروں کو ہیلتھ ڈکلیریشن فارم نہیں دیئے تھے، طیارہ آدھے گھنٹے تک پشاور ائیرپورٹ پر کھڑا رہا، غیر ملکی ائیرلائن کی جانب سے یقین دہانی کرانے کے بعد پرواز کو اڑان کی اجازت دے دی گئی۔

سی اے اے حکام کے مطابق ہیلتھ کارڈ اردو اور انگریزی میں ہونے چاہیئے، تاکہ جو مسافر خلیجی ممالک سے آرہے ہیں انہیں فارم بھرنے میں آسانی ہو، ایران، چائنا اور خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں سے پندرہ دن کا سفری ریکارڈ بھی طلب کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھی تمام مسافروں کو ایئِرپورٹس پر ہیلتھ ڈکلیریشن فارم جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں