360

خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا

خانیوال: پنجاب کے شہر خانیوال اور اس کے مضافات میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے، دوسری طرف ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں کے ڈائلیسز یونٹ میں ادویات کا فقدان ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈائلیسز کے لیے مریضوں کے اہل خانہ مہنگی ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں، جس پر مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

میاں چنوں کے ٹی ایچ کیو اسپتال میں 400 مریض ڈائلیسز کے لیے اپنی باری کے منتظر ہیں، ڈیڑھ ماہ قبل سیکریٹری ہیلتھ نے 10 ڈائلیسز مشینوں کا اعلان بھی کیا تھا تاہم اعلان کے باوجود تا حال مشینیں مہیا نہیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:

مخدوم پور: گھر میں سلنڈر پھٹنے سے 15 افراد جھلس گئے

یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں خانیوال کے ڈسٹرکٹ اسپتال کو پنجاب حکومت کی جانب سے ڈائلیسز مشین فراہم کی گئی تھی۔ جب کہ رواں برس جنوری میں ڈونر کی جانب سے ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں اور ڈی ایچ کیو اسپتال کو متعدد ڈائلیسز مشینیں فراہم کی گئی تھیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق خانیوال میں جہانیاں کے سرکاری اسپتالوں میں بھی ادویات کا شدید فقدان ہے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں