405

عراق میں اتحادی فورسز پر راکٹ حملہ، 2 امریکی، 1 برطانوی فوجی ہلاک

بغداد : عراقی دارالحکومت میں قائم التاجی فوجی اڈے کو رات گئے راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 امریکی اور ایک برطانوی فوجی ہلاک ہوا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقے میں قائم التاجی فوجی اڈے پر رات گئے متعدد کاتیوشا راکٹ فائر کیے گئے، راکٹ حملے میں درجنوں فوجیوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راکٹ حملے داعش کے خلاف بنائے گئے بین الااقوامی عسکری اتحاد کی جانب سے کیے گئے تھے جس کی زد میں آکر ایک ٹھیکیدار بھی ہلاک ہوا ہے۔

عراق میں نیٹو فورسز کے ترجمان نے کہا کہ 18 کاتیوشا راکٹ التاجی بیس کیمپ پر فائر کیے گئے، ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں تین فوجی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے 2 فوجیوں کا تعلق امریکا جبکہ ایک برطانوی اہلکار ہے، تاہم نیٹو ترجمان نے ابھی تک زخمی ہونے والے فوجیوں کی شہریت سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کا لاک ڈاؤن کرنے پر غور، ایک اور وزیر نے آئسولیشن اختیار کر لی

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے عراق میں نیٹو فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ وزیر خارجہ ڈومنک راب نے امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو سے رابطہ کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر حملے کی تحقیقات کریں گے کس نے حملہ کیا اور کیوں حملہ کیا۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری کے آغاز میں امریکا ڈرون حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کردیا تھا، جس کے بعد سے خطے کی صورتحال کشیدہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں