475

پاک ایران سرحد 16 ویں روز بھی بند، افغان سرحد کی بندش میں ہفتے کی توسیع

کوئٹہ: کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاک ایران سرحد 16 ویں روز بھی بند ہے، پاک افغان سرحد کی بندش میں بھی ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی۔

 آج پاک ایران سرحد کو جزوی طور پر کھولا جائے گا، سرحد کی بندش کو 16 روز ہو گئے ہیں، سرحد مہلک کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بند کی گئی تھی۔

دوسری طرف پاک افغان سرحد کی بندش میں بھی ایک ہفتے کی توسیع کی گئی ہے، سرحد بند ہونے کی وجہ سے پاک افغان دو طرفہ تجارت مکمل طور پر بند ہے۔

تفتان بارڈر پر پاکستانی قرنطینے میں رکھے گئے افراد
تفتان سرحد سے زائرین اور پاکستانی باشندوں کی وطن واپسی بھی جاری ہے، گزشتہ روز 137 افراد امیگریشن گیٹ سے پاکستان داخل ہوئے، ذرایع کا کہنا ہے کہ زائرین کو ٹاؤن ہال اور پاکستان ہاؤس کے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، تفتان کے قرنطینہ سینٹرز میں 3 ہزار 477 زائرین موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،کرنل مجیب الرحمان شہید، 2 دہشت گرد ہلاک

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سرحدی حکام کے مطابق پاک ایران سرحد جزوی طور پر بحال کی گئی تھی، اور ایران سے زائرین، تاجر اور عام پاکستانی داخل ہوئے، جن میں 317 زائرین، 61 تاجر اور عام افراد پاکستان شامل تھے۔

تفتان بارڈر پر پاکستانی قرنطینہ، عمارت کے اندر کم جگہ کی وجہ سے کھلی جگہ میں خیمے بنائے گئے ہیں
خیال رہے کہ پاک ایران تفتان بارڈر پر ایران سے صرف پاکستانیوں کو آنے کی اجازت ہے، اور تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے، کلیئر ہونے کے بعد مزید سفر کی اجازت دی جا رہی ہے، تفتان میں خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے۔

کرونا وائرس کے سلسلے میں ایران سے ملحقہ اضلاع گوادر، ماشکیل، مند اور پنجگور میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بھی 15 مارچ تک بند ہیں۔ یاد رہے کہ 24 فروری کو ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان الرٹ ہو گیا تھا اور تفتان بارڈر بند کر دیا گیا تھا، اس کے ساتھ ٹرانزٹ گیٹ، راہداری اور پاسپورٹ گیٹ بھی بند کر دیے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں