442

چشمہ چیک پوسٹ پر حملہ میں ملوث دہشت گرد کراچی سے گرفتار

کراچی : شہر قائد میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، محمد زمین سال2015میں نارتھ وزیرستان میں چشمہ چیک پوسٹ پر حملہ میں مطلوب تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگرد کو حراست میں لے لیا، اس حوالے سے ایس ایس پی سی ٹی ڈی غلام سرور ابڑو نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گرد محمد زمین عرف نوراسلام کو خفیہ اطلاع پر سپرہائی وے کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد سابق امیر فقیر محمد اورنائب امیرگل کا قریبی ساتھی ہے۔

ایس ایس پی غلام سرور کے مطابق ملزم نے نارتھ وزیرستان میں 2015میں چشمہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، دہشت گرد حملے میں میجر فتح یحییٰ سمیت دیگر جوان شہید ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ افغانستان میں ڈرون حملے میں ملزم کی ایک ٹانگ زخمی ہوئی تھی، علاج کے دوران ملزم کی بائیں ٹانگ بھی ضائع ہوگئی تھی۔

سی ٹی ڈی افسر نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد محمد زمین عرف نوراسلام افغانستان سے تربیت یافتہ اور بم بنانے کا ماہر ہے، دہشت گرد چمن بارڈر کے ذریعے بلوچستان سے کراچی پہنچا تھا۔

گرفتار ملزم سے دو دستی بم، فنڈنگ کی رسیدیں برآمد ہوئی ہیں، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں