اسلام آباد : اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس 16 تا 19 فروری پاکستان کادورہ کریں گے ، دورے کے دوران وہ افغان کانفرنس میں شرکت کے ساتھ وزیراعظم اور صدر پاکستان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس 16 سے 19 فروری تک پاکستان کادورہ کریں گے ، دورے کے دوران انتونیوگوتریس 40 سال سے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس کی صدارت کے ساتھ صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سےملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا دورہ عالمی امن و سلامتی کے قیام اورفروغ کیلئے اہم ہیں اور اس سے پاکستانی کردارکے اعتراف کا موقع ملے گا، یہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستانی کوششوں کےعزم کا اعتراف ہے کہ پاکستان نےعالمی امن اورترقی کےحصول کےاہداف کیلئےمثالی کرداراداکیا۔
پاکستانی قیادت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو جموں وکشمیرکے تنازعہ کے پہلوؤں پر اپنا نکتہ نظر بیان کرے گی جبکہ افغان مہاجرین کی چار دہائیوں سے مثالی مہمان نوازی اور کشادہ دلی سے کی گئی مہمان نوازی کا ذکر بھی شامل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:
وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیو کے خاتمے کے لئے بڑا اقدام
دورے کے دوران انتونیوگوتیرس پائیدارترقی،ماحولیاتی تغیر اور امن کےموضوعات پر خطاب کریں گے جبکہ لاہور کا دورہ اور کرتارپورگوردوارہ پر بھی حاضری دیں گے۔
خیال رہے خطے کی صورتحال کے تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، انتونیوگوتیرس مسئلہ کشمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔
ایک موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ قید میں اور بینادی ضرورتوں سے محروم ہیں اور مطالبہ کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت با مقصد مذاکرات کریں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کامؤقف تبدیل نہیں ہوا۔