اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آٹا بحران کے ذمہ داروں کی چھٹی ہونی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آٹا بحران پر میرے بیان کی غلط تشریح کی گئی، آٹا بحران کے ذمہ داروں کی چھٹی ہونی چاہئے، حکومت کو مافیا سے نمٹنے کے لیے ہمت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور دیگر چیزوں سے سبسڈی ختم کرنے کی وجہ سے مہنگائی بڑھی، آئی ٹی سیکٹر میں برآمدات بڑھنے کا امکان زیادہ ہے، برآمدات میں 2 فیصد گروتھ بڑھ گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ 2 سال میں 22 لاکھ لوگوں کا بے روزگار ہونا تشویشناک ہے، مافیاز ساری حکومتوں میں موجود ہوتی ہے، بحران میں مافیاز کو کنٹرول کرنے کا زیادہ موقع ہوتا ہے، میرا خیال ہے کہ حکومت معاملات سنبھال لے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آج اہم اور بڑے فیصلےمتوقع
عارف علوی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر تمام جماعتوں کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہئے، پارلیمنٹ کے ہر سیشن پر عوام کا بہت پیسہ لگتا ہے، پارلیمنٹ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت مشکل وقت سے نکل جائے گی، حکومت کو مافیا سے نمٹنے کے لیے ہمت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف وعدہ کرکے گئے ہیں انہیں واپس آنا چاہئے، نواز شریف کا علاج مریم نواز کے بغیر بھی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی میں کمی سے متعلق ایک اجلاس میں کہا تھا کہ عوامی ریلیف کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی، غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی۔