ریاض: دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مہلک کروناوائرس اب سعودی عرب بھی پہنچ گیا، محکمہ صحت نے جان لیوا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کردی۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق کروناوائرس کا شکار شخص ایران سے ہوتا ہوا بہ راستہ بحرین سعودی عرب پہنچا جہاں اس میں کروناوائرس کی تصدیق ہوگئی، تاہم متاثرہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
سعودی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کے سیمپل کروناوائرس ٹیسٹ کے لیے لیبوریٹری بھجوائے گئے تھے جہاں اس میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ دیگر افراد جن میں کروناوائرس کا شبہ ہے انہیں اسپتال میں الگ رکھا گیا جہاں انہیں کسی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ترک صدر کا یورپ کیلیے دروازے بند نہ رکھنے کا اعلان
محکمہ نے سعودی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی کو شک ہے کہ وہ مہلک وائرس کا شکار ہے تو فوری طور پر اس نمبر 937 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب برطانیہ میں مزید 4 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد برطانیہ میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہوگئی۔
ادھر امریکی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ امریکا میں کروناوائرس سے ایک اور مریض ہلاک ہوگیا، جس کے بعد امریکا میں کروناوائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔