562

خیبر پختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 15 دن کےلیے بند کرنے کا اعلان

پشاور : کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے 15 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا اور امتحانات بھی ملتوی کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کی زیرصدارت خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں 15 دن کے لیے یونیورسٹیوں ، کالجوں اور اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے 30مئی تک بند رہیں گے اور امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے، ، صوبائی کابینہ نے سرکاری تقاریب پر بھی پابندی لگادی جبکہ کے پی میں ہونے والے تمام فیسٹولزکوملتوی کردیا۔

ذرائع کے مطابق کے پی کے تمام ہاسٹلزکو بھی خالی کرایاجارہاہے اور 50 سے زائد لوگوں کے اکھٹا ہونے پر بھی پابندی لگادی ہے۔

بعد ازاں خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیاہے، وائرس کے حوالے سے اہم فیصلے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کے بعد لاہورمیں بھی خالی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کروانے پر غور

تیمور خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹیز 15دن کیلئے بند کررہے ہیں، پبلک اور پرائیویٹ تمام ہوسٹلز بھی بند ہوں گے جبکہ بورڈز امتحانات فی الحال ملتوی کردیئے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا سیمنارز، کلچر ایونٹس سمیت دیگر پبلک ایونٹس ملتوی کردیئے ، عوام سےالتجا ہےشادیوں ودیگر ایونٹس میں جانےسے گریز کریں اور جیلوں میں ملاقاتیوں پربھی فی الحال پابندی عائد کررہے ہیں۔

یاد رہے کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سندھ میں تیس مئی تک تعلیمی ادارے بند اور میٹرک کےامتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں، چھٹیوں کا اطلاق اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں پر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں