کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی کے اطراف سویابین ذرات سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے سویابین سے لدے بحری جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے ہٹایا جا رہا ہے، اس جہاز کو وفاقی وزیر علی زیدی نے پورٹ قاسم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ سویابین سے لدے ہرکولیس جہاز کو کراچی پورٹ کی برتھ نمبر 10 سے ہٹا کر آؤٹر انکرج پر کھڑا کیا جا رہا ہے، پہلے 11 بجے تک جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا تاہم اب سمندر کی لو ٹائیڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاز کو منتقل کیا جائے گا۔ قبل ازیں، کیماڑی واقعے کی تشویش ناک صورت حال کے تناظر میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں اجلاس بلایا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر علی زیدی اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کی، اجلاس میں ماحولیات کے ماہرین ، سائنس دانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمایندوں نے بحران کے حل کے لیے مختلف آپشنز پیش کیے۔
اجلاس میں حفاظتی اقدامات کے تحت سویابین لانے والے بحری جہاز ہرکولیس کو پورٹ قاسم منتقل کرنے اور باقی کارگو آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کرے گی، یہ کمیٹی ماہرین اور تکنیکی افراد کی خدمات بھی لے سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ایف اےٹی ایف کا اجلاس : پاکستان پر بلیک لسٹ کے تمام خدشات دور
کے پی ٹی ذرایع کا کہنا ہے کہ سویا بین لانے والے جہاز کو حفاظتی اقدمات کے تحت بندرہ گاہ سے ہٹایا جا رہا ہے، اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ہر کولیس نامی جہاز کو کے پی ٹی سے ہٹانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔
خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے 14 اموات دراصل سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئی ہیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔