لاہور : مسافروں کی کمی اور خلیجی ممالک کی پابندی کے باعث لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پاکستان ایئر لائن کی 12 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے 12 پروازیں منسوخ ہوگئیں، پی آئی اے کی پروازیں مسافروں کی کمی اور خلیجی ممالک کی پابندی کے باعث منسوخ ہوئیں۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں اندرون اور بیرون ملک کی پروازیں شامل تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی اور نجی ایئر لائنز کی نو پروازیں تاخیر ہیں جبکہ 7 کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس : پنجاب میں نویں جماعت کے امتحانات ملتوی
خیال رہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ماسوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری ہیں یا اقامتی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔ کارگو پروازیں بھی سعودی عرب کے لیے آپریٹ کی جا سکتی ہیں اور میڈیکل ویزہ رکھنے والے یا نئے میڈیکل ویزے والے افراد سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔