نیویارک: دنیا بھر میں خوف پھیلانے والا کورونا وائرس اب مختلف شعبوں پر بھی براہ راست اثر انداز ہورہا ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز نے کورونا وائرس کے حوالے سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس کو کورونا خدشات کے پیش نظر منسوخ کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ’کورونا کے تحت کاروبار کرنا‘(Doing Business Under Coronavirus) کے عنوان سے نیویارک میں ہونے والی کانفرنس کو منتظمین نے بدھ کے روز منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
کونسل آن فارن ریلیشنز کی جانب سے منعقد کی جانے والی کانفرنس کا آغاز گیارہ مارچ کو ہونا تھا جو تین اپریل تک جاری رہتی، اس کانفرنس میں اہم رہنماؤں اور معروف شخصیات کی مٹینگ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کرونا وائرس: ٹرمپ نے یورپ سے امریکا سفر پر پابندی لگا دی
اس کانفرنس میں نیویارک اور واشنگٹن مین ہونے والی گول میز کانفرنسس بھی شامل تھی۔
علاوہ ازیں امریکی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب قومی تقریبات کو منسوخ کرنے کا بھی اعلان کردیا۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں کورونا کے 1600 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 12 سے زائد کی ہلاکتیں ہوئیں۔
دریں اثناء عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں کورونا کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اسے عالمی وبا قرار دیا اور بتایا کہ وائرس دنیا کے 114 ممالک تک پھیل چکا ہے جس کی وجہ سے 4200 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔