اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے پاکستان سے دہشت گردی جوڑنے کی کوشش کی، امریکی صدر نے بھارت میں پاکستان کی وکالت کی جس سے پاکستان سے متعلق سوال بھارتی میڈیا کو الٹا پڑگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ اب اعلیٰ سطح پر رابطے ہیں، اب تبدیلی آچکی ہے، اسے تسلیم کیا جائے، امریکا کے ساتھ تعلقات مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 29 فروری کے بعد اگلا مرحلہ انٹرا افغان ڈائیلاگ کا ہے، افغانستان کا مسئلہ افغانیوں نے خود حل کرنا ہے، پالیسی ہے افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی، پاکستان نے ناممکن کو ممکن کردکھایا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے، افغان انتخابی نتائج ان کا اندرونی معاملہ ہے مداخلت نہیں کی، خواہش ہے اندرونی معاملات سے امن کے سفر میں تعطل پیدا نہ ہو۔
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پڑوسی ملک بھارت میں موجودہ صورت حال اور امریکی صدر کے دورے سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی میڈیا نے ٹرمپ پریس کانفرنس کو اپنے مقاصد کے لیےاستعمال کیا، جب کہ صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔