700

پاکستان میں کرونا کے 28 کیسز رپورٹ، حکومت کی تصدیق

اسلام آباد: معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے 28 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

قومی سلامتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس 135 سے زائد مملک میں رپورٹ ہوچکا ہے اور عالمی ادارہ صحت نے یورپ کو وائرس کا مرکز قرار دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ صحت کے معاملے پرقومی سلامتی کمیٹی کاآج پہلا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے عوام کی ترجیحی بنیادوں پر حفاظت کی ہدایت کی، حکومت کرونا سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نےبروقت اورمناسب اقدامات کیے، جس کی وجہ سے یہاں پر تاخیر سے پہلا کیس رپورٹ ہوا، مناسب اقدامات سے پاکستان خطے میں کرونا سے متاثرہ آخری ملک تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مدارس سمیت ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے 28مریض موجود ہیں،جن کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے، کرونا سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی میں وفاقی وزرا اور دیگر اہم شخصیات، سرجن جنرل آف آرمی، ڈی جی آئی ایس آئی، آئی ایس پی آر، ڈی جی ملٹری آپریشنز کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

کمیٹی اراکین کو اختیاردیاگیا ہے کہ وہ کسی کوبھی  کمیٹی میں شامل کرسکتے ہیں، وزارت صحت قومی کو آرڈینیشن کمیٹی کی کنونیئر شپ کرے گا، کمیٹی کا اجلاس کل شام چار بجے طلب کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہمیں قومی سطح پر فیصلےکرنےکی ضرروت ہے، این ڈی ایم اے آپریشنل ایجنسی ہوگی،جتنے بھی اقدامات کی ضرورت ہوگی این ڈی ایم اے کی سربراہی میں کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے سامنے آگئے

انہوں نے مزید کہا کہ مغربی سرحد کومکمل طور پر2ہفتے کے لئے مکمل طور بند کررہے ہیں، دو ہفتے بعد بارڈرز سیل کرنے کے فیصلے کا جائزہ لیں گے، ہماری کوشش ہے کہ وائرس سے متاثر لوگ پاکستان میں داخل نہ ہوسکیں، تافتان بارڈر کو دو ہفتے کے لیے بند کردیا گیا جبکہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس پر ملکی پروازیں آئیں گی علاوہ ازیں تمام ائیرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل رہے گا۔

اجلاس میں کیے گئے بڑے حکومتی فیصلے

*مغربی اور مشرقی سرحدیں بند
* شادی ہالز میں تقاریب پر پابندی
* 23 مارچ کی تقریب ملتوی
*تعلیمی ادارے بشمول مدارس کی تعطیلات
*قومی سلامتی کمیٹی تشکیل
*سینیما گھر وں، سیمینارز، دیگر بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی
*اسٹیڈیم میں عوام کا داخلہ ممنوع
*تین شہروں کے علاوہ تمام ائیرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ’پندرہ روز بعد فیصلوں پر غور کیا جائے گا اور پھر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اللہ کرے ہم ان تمام اقدامات میں کامیاب ہوجائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں