اسلام آباد: قطر نے پاکستان کو دوحا میں امریکا طالبان امن معاہدے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سےقطری سفیر کی دفترخارجہ میں ملاقات ہوئی۔ قطری سفیر نے پاکستان کو امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان معاہدے سے متعلق اعلان کاخیرمقدم کرتا ہے، ہمیشہ سےموقف رہااافغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطرکا کلیدی کردار ہے، آ ج دنیا پاکستان کا موقف تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:شراب برآمدگی کیس ، شرجیل میمن پر فردجرم عائد
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 21 فروری کو امریکا اور طالبان نے مذاکرات کامیاب ہونے کی تصدیق کی تھی، مذاکرات پر دستخط 29 فروری کو ہوں گے۔
بعدازاں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کا حامی رہا ہے۔