میلان: کرونا وائرس نے اٹلی میں بھی خوف و ہراس پھیلا دیا، مہلک وائرس کی وجہ سے لومباردیا میں اسکول غیر معینہ مدت تک بند کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے اٹلی کے صوبے لومباردیا میں اسکول غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیے گئے، ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، سماجی محافل اور جلسے جلوسوں پر بھی پابندی کر دی گئی۔
عبادت گاہوں میں لوگوں کا جمع ہونا بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، صوبے میں صرف سرکاری دفاتر ہی کھلے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:قاتل کروناوائرس نے ایران میں8 افراد کی جان لے لی
خیال رہے کہ قاتل کرونا وائرس نے ایران میں بھی 7 افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ 28 سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے، سینما ہالز پر بھی تالے پڑ گئے، تقریبات بھی منسوخ کر دی گئیں، سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے روک دیا۔
عراق اور ترکی نے ایران کے ساتھ سرحدیں بند کر دیں، عراقی ایئر ویز کا آپریشن بھی معطل کر دیا گیا، پاکستان نے بھی تفتان اور چاغی بارڈر بند کر دیے، ایران سے ملحقہ بلوچستان کے اضلاع میں ایمرجنسی کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔
ادھر چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2400 سے زائد ہو گئی ہے، جب کہ 77 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جنوبی کوریا میں بھی وائرس بے قابو ہو گیا ہے، جہاں 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔