346

بلاول، آصف زرداری، فریال کے خلاف تحقیقات میں تیزی

اسلام آباد: جے وی اوپل کیس میں بڑی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، بلاول بھٹو، آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف تحقیقات میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذرایع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ جے وی اوپل کیس کی انکوائری کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے، اورانویسٹی گیشن کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جس پر چئیرمین نیب نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔

خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جے وی اوپل میں 25 فی صد شیئر ہولڈر ہیں، نیب ذرایع کے مطابق 1.224 بلین روپے نجی بینک سے جے وی اوپل کو ٹرانسفر ہوئے تھے، بعد ازاں جے وی اوپل کے اکاؤنٹ سے یہ رقم نکلوائی بھی گئی تھی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی چیئرمین پیپلز پارٹی کو جے وی اوپل کیس کی انکوائری کے سلسلے میں کئی بار طلب کر چکی ہے۔

یاد رہے کہ 20 دسمبر کو اس کیس میں طلبی پر ترجمان بلاول مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا تھا کہ نیب کا نوٹس بھیجنا انھیں ہراساں کرنے کے مترادف ہے، انھوں نے الزام لگایا کہ حکومت جب بحران کا شکار ہوتی ہے تو مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں