کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی آپے سے باہر ہوگئے۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز کیوی کپتان کین ولیمسن کے آؤٹ ہونے پر کوہلی نے نازیبا الفاظ استعمال کیے اور دوران فیلڈ منہ پر انگلی رکھ کر شائقین کو بھی خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔
شکست پر کوہلی نے میدان میں اخلاقیات کی دھجیاں اڑائیں تو میچ کے بعد اپنے رویے پر قابو نہ رکھ سکے اور سارا غصہ صحافی پر نکال دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں جب صحافی نے کوہلی سے ان کے میدان میں نامناسب رویے کا ذکر کرتے ہوئے پوچھا کہ بطور کپتان کیا آپ کو اچھی مثال نہیں کرنی چاہیے تھی؟
صحافی کے سوال پر کوہلی طیش میں آگئے اور جواب دینے کے بجائے سوال کرنے لگے، کوہلی نے کہا کہ آپ کو کیا لگتا ہے؟جس پر صحافی نے کہا کہ میں صرف سوال کر رہا ہوں۔
کوہلی نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے جواب مانگ رہا ہوں، تو صحافی نے کہا کہ آپ کو اچھا رویہ اپنانے اور مثال قائم کرنے کی ضرورت تھی۔
بھارتی کپتان سیخ پا ہوگئے اور ترش لہجے میں کہا کہ آپ کو پوری بات کا معلوم نہیں، آپ کو اچھے سوال کے ساتھ آنا چاہیے تھا، آدھی ادھوری بات کے ساتھ سوال نہیں کرنا چاہیے تھا اور اگر آپ کوئی تنازع کھڑا کرنا چاہتے ہیں تو یہ جگہ مناسب نہیں۔
When asked about his on-field behaviour, Virat Kohli gets tetchy at the post-series presser #NZvIND pic.twitter.com/vtGXm6Xe1A
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) March 2, 2020
واضح رہے کہ ماضی میں بھی ویرات کوہلی کی آن فیلڈ نامناسب حرکات اور رویے کی ویڈیوز سامنے آتی رہی ہیں جس پر انہیں اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں بکھیرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔