382

شہر میں ٹائم ٹیبل پر چلنے والا ڈکیت گروہ پکڑ میں آگیا، سنسنی خیز انکشافات

کراچی: شہر قائد میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے کے درمیان وارداتیں کرنے والے ٹائم ٹیبل گروپ کے دو اہم کارندے پکڑ لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے ٹائم ٹیبل گروپ کے دو اہم کارندے گرفتار کر لیے، جن میں گروہ کا سرغنہ علیم لمبا اور شوکت سرائیکی شامل ہیں۔

ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا 5 رکنی ٹائم ٹیبل گروپ کراچی پولیس کو ایک عرصے سے انتہائی مطلوب تھا، ملزمان صرف صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک واردات کرتے تھے، شاطر ملزمان شہریوں کے دفتری اوقات جانے کی ریکی بھی کیا کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان چوں کہ مخصوص اوقات میں وارداتیں کیا کرتے تھے اس لیے پولیس نے ان کا نام ٹائم ٹیبل گروپ رکھا تھا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گروپ کے کارندے گھروں کی ریکی کرتے وقت کار اور موٹر سائیکل کا استعمال کیا کرتے تھے، ملزمان خواتین اور اسکول کے بچوں کی ٹائمنگ اور مصروفیات کا دھیان بھی رکھتے تھے، سی سی ٹی وی اور مضبوط گرل والے گھروں میں ڈکیتی نہیں کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں زیورات، نقد رقم اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، گروپ نے کراچی کے علاقوں تیموریہ اور سرسید کے بنگلوں میں ڈکیتیاں کی تھیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں 25 سے زائد بنگلوں میں ڈکیتی کا اعتراف کر لیا ہے۔

عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ کراچی کے کئی اضلاع میں یہ گروپ وارداتیں کر چکا ہے، گلبہار، اورنگی ٹاؤن، جمشید کوارٹر، پریڈی، اور فیروز آباد کے کئی گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کی جا چکی ہیں، گروہ کا مرکزی ملزم علیم عرف لمبا 12 عدد کیسوں میں عدالت سے مفرور ہے، جب کہ شوکت عرف سرائیکی 2 تھانوں اور عدالتوں سے مفرور ہے۔ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش بھی کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں