81

علما محرم الحرام میں رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام دیں:منہاج القرآن علما کونسل

علما محرم الحرام میں رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام دیں:منہاج القرآن علما کونسل

اتحاد و یکجہتی کیلئے حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرنا ہو گی:علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری

منہاج القرآن علما کونسل محرم الحرام میں پیغام امام حسین ؑ کانفرنسز منعقد کرے گی:مفتی غلام اصغر صدیقی

محرم الحرام کی مقدس تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے: علامہ محمد اشفاق علی چشتی

لاہور (عثمان بن احمد ) محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے منہاج القرآن علماء کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی، صوبائی وضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے مقدس ایام میں محراب و منبر سے امن و محبت،رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں اپیل کی گئی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا پیغام دیں تاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن، یگانگت اور اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو زندہ کیا جاسکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام امن پسندی کے نمائندہ تھے اور یزید ظلم و دہشت گردی کا نمائندہ تھا۔ہمیں اتحاد و سلامتی،برداشت و روداری،اخوت و بھائی چارے اور علم و عمل کی راہ پر چلنا ہے تو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرنا ہو گی۔عدم برداشت،ظلم و بربریت یزید کا راستہ ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ منہاج القرآن یکم تا 10محرم پورے ملک میں پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنسز کا انعقاد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے مہینے کو عظمت اہل بیت و شان اہل بیت کے طور پر منایا جائے گا۔مفتی غلام اصغر صدیقی نے منہاج القرآن علما کونسل کی طرف سے اپیل کی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام امن،محبت،اخوت و بھائی چارے کا عظیم جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم و مقدس مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا حقیقی پیغام دیں تاکہ اسوہ شبیری علیہ السلام کو اپنی ذات،اپنے خاندان اور پوری سوسائٹی پر پوری طرح نافذ کیا جا سکے۔ مرکزی ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ محمد اشفاق علی چشتی نے کہاکہ علمائے کرام علمی،عملی،تحریری اور تقریری طور پر اس محترم مہینے میں اخوت محبت اور رواداری کو فروغ دے کر دوسروں کی اصلاح کی کوشش کریں۔محراب و منبر سے اتحاد بین المسلمین کی بات کریں تاکہ امت مسلمہ انتشار سے محفوظ رہے۔انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کی مقدس تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔اجلاس سے علامہ سید علی عابد مشہدی،علامہ حافظ خلیل احمد قادری،علامہ حافظ محمد طاہر ضیاء،علامہ محمد رفیق رندھاوا،علامہ عثمان سیالوی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں