86

پاکستان انتخابات کے بعد سیاسی استحکام کی طرف گامزن ہوگا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے آخری 15 ماہ کے دوران دنیا کے ساتھ پاکستان کے روابط میں بہتری آئی ہے، عالمی برادری کو موسمیاتی تبدیلی کے بحران، سخت معاشی حالات اور بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی تنائو سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں سفارتی کور کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزراء، اسلام آباد میں متعین غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنرز اور مختلف ممالک کے مشنز کے سربراہان سمیت اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیموں کے نمائندوں اور وزارت خارجہ کے افسران نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں مختلف ممالک کے ساتھ روابط بحال کرنے کی کوشش کی، پاکستان کو گزشتہ سال موسمیاتی تباہی کا سامنا کرنا پڑا، جدید دنیا کے چیلنجز کو سرحدوں سے روکا نہیں جاسکتا، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب اس کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ کو تنہا حل نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس کے لیے عالمی سطح پر ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کاپ۔ 27 میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسے دیگر شریک ممالک کی حمایت کے بغیر نتیجہ خیز بنانا ممکن نہیں تھا۔

وزیر خارجہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان انتخابات کے بعد سیاسی استحکام کی طرف گامزن ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے وزیر خارجہ کے طور پر خدمات سرانجام دینے کو اپنے لئے باعث اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے وزارت خارجہ کے کام میں بھرپور دلچسپی اور کردار پر پاکستان کے سفارت کاروں اور افسران کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارتکار وزارت خارجہ اور بیرون ملک بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی سفارت کاروں کو بتایا کہ انہوں نے وزارت خارجہ کو ملکی سیاست سے الگ کرتے ہوئے خالصتاً پیشہ ورانہ انداز میں چلانے کی کوشش کی۔ وزیر خارجہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے میں مدد دینے پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے اور کسی بھی حکومت کے لیے ڈیلیور کرنے کا واحد راستہ وفاقی اور صوبائی پارلیمان سمیت اداروں کو مضبوط کرکے اہداف اور مقاصد پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مہمانوں کا عشائیہ میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین عطا ءجان مولاموف نے بھی خطاب کیا۔ سفارتی کور کے ارکان نے وزیر خارجہ کی جانب سے حکومت کی مدت کی تکمیل سے قبل الوداعی تقریب کے انعقاد پر وزارت خارجہ کے اقدام کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں