408

پاک بنگلا ٹیسٹ: مزید سیکورٹی فورس مانگ لی گئی

لاہور: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی میں ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں اے آئی جی آپریشنز نے فول پروف سیکورٹی کے لیے مزید فورس مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق اے آئی جی آپریشنز نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے کانسٹیبلری فاروق آباد اور ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس سے مزید سیکورٹی مانگ لی ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ سیکورٹی کے لیے پی سی فاروق آباد سے 100 ریزرو فراہم کی جائے۔

مراسلے کے مطابق ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول سے 60 اسپیشل، 60 ٹرینڈ سنائپرز بھی طلب کیے گئے ہیں۔ تمام فورس 6 فروری کو پولیس لائنز راولپنڈی میں رپورٹ کرے گی، افسران اور اہل کاروں کی رہایش اور دیگرانتظامات سی پی او راولپنڈی کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پہلے ٹیسٹ کے لیے دونوں بورڈز کی جانب سے ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے، ٹیسٹ اسکواڈ میں فہیم اشرف اور بلال آصف کی واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ 7 سے 11 فروری تک شائقین پنڈی اسٹیڈیم سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی ایکسپریس سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی۔

شائقین کرکٹ سینٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں