386

کرونا وائرس: اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کاؤنٹرز شیشہ بند ہو گئے

اسلام آباد: مہلک کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھنے لگا ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایف آئی اے کے 20 کاؤنٹرز کو شیشے سے کور کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر احتیاطی تدابیر اور عملے کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر ایف آئی اے کے بیس کاؤنٹرز شیشہ بند کر دیے، دوسری طرف ایئر پورٹس پر چین، ایران، بنکاک، ملائیشیا اور خلیجی ممالک سے آنے والوں کی اسکریننگ بھی جاری ہے۔

یہ قدم ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اس سے بچاؤ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت محسوس کی گئی، جس کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ پر انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج میں ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹرز کو شیشے سے ڈھک دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایات

چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کاؤنٹرز کو شیشے سے کور کرنے کا مقصد عملے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر زیادہ ٹریفک چین اور خلیجی ممالک سے آنے والی پروازوں کا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو مکمل سہولت فراہم کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے اموات نے پاکستان کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، تفتان بارڈر، ٹرانزٹ گیٹ، راہداری، پاسپورٹ گیٹ بند کر دیے گئے ہیں، تفتان بارڈر پر ایران سے آنے والوں کی اسکریننگ بھی کی جا رہی ہے، آئیسولیشن وارڈ بھی قائم کر دیے گئے۔ ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ انٹری پوائنٹس پر عالمی ہیلتھ ریگولیشن پر عمل ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں