501

کرونا وائرس: ٹرمپ نے یورپ سے امریکا سفر پر پابندی لگا دی

واشنگٹن : ہلاکت خیز کرونا وائرس کے خوف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یورپ سے امریکا سفر پر پابندی عائد کرنے پر مجبور کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس سے اموات کا سلسلہ تو جاری ہے جسے روکنا تاحال ممکن نہیں ہوسکا ہے لیکن امریکی صدر نے اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کےلے یورپ سے امریکا سفر پر 30 روز کےلیے پابندی لگادی ہے، برطانیہ کو پابندی سے استثنٰی حاصل ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ملکر اس وائرس کو ختم کرنا ہوگا، ہم نے اپنے اتحادیوں سے مشورہ کیا کہ وائرس سے کس طرح بچا جائے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم کس طرح اس سے نمٹتے ہیں یہ ہمارے طرز عمل پر منحصر ہے لیکن امریکی قوم ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عراق میں اتحادی فورسز پر راکٹ حملہ، 2 امریکی، 1 برطانوی فوجی ہلاک

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر کرونا کے خلاف لڑنا ہوگا، یورپ نے چین سے آنیوالوں کی نگرانی کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے، یورپ میں مناسب اقدامات نہ ہونے کیوجہ سے وائرس کا پھیلاو تیزی سے بڑھا۔

امریکی صدر نے اسکول بند کرنے اور بڑے اجتماعات پر پابندی لگانے کا بھی اعلان کیا۔ اگر کسی شہری کی طبیعت ٹھیک نہیں تو وہ گھر پر رہے گا۔

ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں کہا کہ امریکا کے پاس بہترین معیشت، بہترین صحت کی سہولتیں ہیں، ہم ایک قوم ، ایک فیملی ہیں ہمیشہ اس قوم نے چیلنج سے نمٹا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ دیگر ملکوں کےلیے قرضوں کی ادائیگیاں موخر کردی ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا کی کئی ریاستوں میں کرونا وائرس کے باعث ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے, امریکا میں ہلاکت خیز وائرس میں مبتلا ہوکر ابتک 38 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 26 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1327 ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں